شہدائے تحریک پاکستان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد ہیں، پروفیسر محمد آصف رضا قادری

منگل 5 اگست 2025 16:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) شہدائے تحریک پاکستان کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد قوم ہیں،ان شہدا کے لیے دعا کرنا ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے،دو قومی نظریہ اسلام اور پاکستان کی بنیادی اساس ہے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کے باسیوں کا استحصال ناقابل قبول ہے، کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی تک جدوجہد جاری رکھی جا ئے گی،ملکی بقا و سلامتی کےلئے بانیان پاکستان کے قول وافکار کی پیروی کرنا ہوگی،وطن عزیز سے محبت ہمارے آباؤ اجداد کی وارثت اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

ان خیالات کا اظہارپاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل صدر پروفیسر پیر محمد آصف رضاقادری نے جامعہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ وارث پورہ میں شہدائے تحریک پاکستان کے ایصال ثواب اور بلندی درجات کےلئے ”قرآن خوانی و دعائیہ تقریب“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان کےلئے قیام پاکستان کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، یوم آزادی پاکستان کا ہر باب شہدا کے خون سے رنگین ہے، وطن عزیز سے محبت اور وفا کا جذبہ ملک دشمن قوتوں کےلئے نوشتہ دیوار ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ قرآنی احکامات کی تقلید میں ہماری کامیابی ہے۔ قرآن خوانی کے بعد شہدائے تحریک پاکستان کی اور ملکی ترقی سلامتی واستحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔