یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا گیا

منگل 5 اگست 2025 18:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے زیر اہتمام 5 اگست کو یومِ استحصالِ کشمیر عقیدت، یکجہتی اور جذبِ حریت کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر مختلف کیمپسز میں تقریبات، ریلیوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جن میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارت کے5 اگست 2019 کے غیر آئینی اقدامات کی مذمت کی گئی۔

اس ضمن میں مرکزی تقریب ٹاون شپ کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری، اساتذہ، طلبہ و طالبات، انتظامی افسران اور دیگر عملے نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے شرکا سے اپنے خطاب میں کہا کہ5 اگست 2019 کا دن کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے،جب بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، پاکستانی قوم ہر حال میں کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن اپنے طلبہ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے آگاہی اور بیداری پیدا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور شہدا کی مغفرت کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔