کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں تصویری نمائش، دستاویزی فلم اور احتجاجی ریلی کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 22:45

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پنجاب آرٹس کونسل میں بھارتی بربریت اور ظلم و ستم پر مبنی دستاویزی فلم، تصویری نمائش اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں   سیاسی و سماجی شخصیات اور طلباؤطالبات نے بھر پور شرکت کی ۔مہمان خصوصی سید شاہد افتحار بخاری ڈائریکٹرزراعت راولپنڈی ڈویژن نے میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرایس ایس مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

مودی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کو نظربند کرنے اور انکا خون بہانا معمول بن چکا ہے،   6 سال میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کشمیر میں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی طاقتوں کو اس استحصال کے خلاف آواز بلند کرنا چاہیے تاکہ اس ریاستی دہشتگردی کا سد باب کیا جا سکے اور کشمیر یوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے دیا جائے تا کہ ظلم کی داستان جلد از جلد بند کی جاسکے۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر بھارتی غیرجمہوری رویے اور ظلم و جبر کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے گئے، لے کے رہیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی، کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد کرایا جائے۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد شکور نے کہا کہ کشمیریوں کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو آزادی کی خاطر لاکھوں جانیں قربان کر چکے ہیں، بچے قربان کر چکے ہیں، لخت جگر ان کی آنکھوں کے سامنے جبر کا نشانہ بن رہے ہیں مگر حصول آزادی کے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔