ملتان میں میٹ ریسلنگ کے فروغ کیلئے تربیتی کورس کا انعقاد

منگل 5 اگست 2025 22:51

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) پاکستان ریسلنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان اورمقامی ریسلنگ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے میٹ ریسلنگ کی تربیت، کوچنگ اور سیفٹی کے حوالے سے ایک خصوصی کورس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ورلڈ چیمپئن اور سیکرٹری پاکستان ریسلنگ ایسوسی ایشن انعام بٹ نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں دیسی کھیلوں کی زرخیز نرسری موجود ہے اور میٹ ریسلنگ نوجوانوں کے لیے صحت مند ماحول پیدا کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔

یہ کھیل پاکستان میں انفرادی اہمیت رکھتا ہے اور نوجوانوں کو اس میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ملتان عدنان نعیم، پاکستان ریسلنگ ٹیم کے کوچ غلام فرید، پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد ریاض اور معروف پہلوان و آرگنائزر حامد خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عدنان نعیم نے کہا کہ جب تک کھلاڑی کھیل کی بنیادی تکنیک سے آگاہ نہیں ہوں گے وہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔

یہی وجہ ہے کہ ایسے کورسز نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور نوجوانوں کی بہتر رہنمائی کا ذریعہ بنتے ہیں۔پہلوان حامد خان نے کہا کہ ملتان میں میٹ ریسلنگ کا ٹیلنٹ موجود ہے اور اس تربیتی پروگرام کا مقصد ان نوجوانوں کی بہتر تربیت و رہنمائی کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کا نام روشن کریں۔کوچ غلام فرید اور سیکرٹری پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن محمد ریاض نے بھی اس کامیاب پروگرام کے انعقاد پر منتظمین کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء میں کورس سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔