مسابقتی کمیشن کی چینی سرمایہ کاروں کے وفد کو پاکستانی مارکیٹس کی استعدادکار پر بریفنگ

بدھ 6 اگست 2025 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) چین کے پرائیویٹ کاروباری اداروں کی نمائندہ تنظیم فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس (اے سی ایف آئی سی)کے اعلیٰ سطحی وفد نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی )کا دورہ کیا۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر یی جیانگ نے کی جبکہ وفد کے دیگر ارکان میں ڈائریکٹر برائے لاجسٹکس اینڈ ٹورازم فوزونگ یانگ ،ڈائریکٹرگے شواور منیجنگ ڈائریکٹر، لیویاتھن ہولڈنگز لمیٹڈمنگ چیان سن شامل تھے۔

مسابقتی کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے وفد کو پاکستان کی مارکیٹوں کی استعداد، صلاحیت، سرمایہ کاری کے مواقع اور ریگولیٹری فریم ورک پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے مارکیٹ میں مقابلہ ، مسابقت اور اجارہ داری کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لیے کمیشن کی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی کاروباری اداروں کے لیے برابری کی سطح پر مارکیٹ میں کاروبارکے مواقع فراہم کرنے کو یقینی بناتا ہےجس کا مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی، صحت، سکول ایجوکیشن اور لاجسٹکس کی مارکیٹوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے منصفانہ مسابقت اور مارکیٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مسابقتی کمیشن کے کردار کوبھی سراہا۔واضح رہے کہ اے سی ایف آئی سی چین کے نجی شعبے کی معاونت اور کاروباری اداروں اور حکومت کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے جو3ہزارسے زائد علاقائی فیڈریشنز کے ذریعے صنعت، تجارت، ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور تجارت کے شعبوں میں فعال کردارکے ساتھ ساتھ پالیسی اصلاحات پر اثرانداز ہو کر پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ بھی یقینی بناتا ہے۔

مسابقتی کمیشن کے چیئرمین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وفد کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔