چہلم امام حسین، پنجاب میں 61 شعلہ بیان مقررین کے داخلے پر پابندی عائد

آئی جی کے دفتر سے 91 مقررین کی فہرست محکمہ داخلہ کو بھجوائی گئی تھی ،نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

بدھ 6 اگست 2025 16:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)پنجاب حکومت نے چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 61 اشتعال انگیز مقررین کے صوبے میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ۔یہ فیصلہ پنجاب ایم پی او آرڈیننس 1960 کی دفعہ 5(1)ای کے تحت کیا گیا جس کا مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب کے دفتر سے 91 مقررین کی فہرست محکمہ داخلہ کو موصول ہوئی، جانچ پڑتال کے بعد 61 افراد پر پابندی کی منظوری دی گئی۔سمری کے ذریعے منظوری کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔دوسری جانب علامہ شہنشاہ نقوی، علامہ شبیر الحسن طاہری، ساجد نقوی اور اشتیاق حسین کاظمی نے فہرست میں شامل ہونے پر اعتراضات جمع کروائے۔ اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد ان کے نام فہرست سے خارج کر دئیے گئے۔پولیس کی جانب سے چہلم اور دیگر مزارات پر ہونے والے عرس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔پاک فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا بھی امکان ہے ۔