Live Updates

گردشی قرضے میں کمی ، حکومت بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے ‘ جاوید قصوری

بدھ 6 اگست 2025 18:19

گردشی قرضے میں کمی ، حکومت بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے ‘ جاوید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں 700 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے اور گردشی قرض 2300 ارب سے کم ہو کر 1600ارب روپے پر آ گیا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے،یوٹیلیٹی بلوں نے عوام کا جینا دو بھر کر دیا ہے، مہنگائی کے ستائے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں، ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گھروں کے کرایوں میں1 اعشاریہ45 فیصد کا بڑا اضافہ حکمرانوں کی بد ترین معاشی پالیسی کا نتیجہ ہے، گزشتہ ماہ جولائی میں ہرقسم کے ٹرانسپورٹ کرائی3 اعشاریہ75 فیصد، ہاوس رینٹ میں1 اعشاریہ45 فیصد، ادویات اعشاریہ ایک چھ فیصد تک مہنگی ہوئیں ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی کی قیمتوں میں14 اعشاریہ18 فیصد اورگیس کی قیمتوں میں22 اعشاریہ91 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

چینی6 اعشاریہ11 فیصد تک مہنگی ہوئی۔ ڈاکٹرکی فیس، ڈینٹل سہولیات اور میڈیکل ٹیسٹ بھی مہنگے ہوئے۔ حکمران عوام کا خون نچوڑ کر عیاشیوں میں مصروف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سودی نظام کے ذریعے غریب عوام کی کمائی کو نچوڑنا اور اپنی تجوریوں کو بھرنا حکمرانوں کا بس یہی معاشی وژن ہے۔ فارم 47کے جعلی حکمرانوں نے ملک وقوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ، حالات دن بدن ابتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ، ادارے تباہ اور کرپٹ مافیا نے رشوت کا بازا ر گرم کر رکھا ہے ۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ وزیر ریلوے حنیف عبا سی نے قومی اسمبلی میںانکشاف کیا کہ ریلوے کی کل اراضی 168858 ایکڑ ہے جس میں سے 13122 ایکڑ غیر قانو نی قبضے میں ہے جو تقر یباً 7 اعشاریہ 7 فی صد بنتا ہے، قبضہ شدہ اراضی میں سے پنجاب میں 5717 ایکڑ، سندھ میں 5590 ایکڑ، بلوچستان میں 1033اور خیبر پختونخوا میں 775 ایکڑ اراضی شامل ہے۔جو حکومت اپنے اداروں کی املاک کا تحفظ نہیں کر سکتی اسے حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ۔ جلد از جلد قبضہ مافیا کو لگام ڈالی جائے اور ریلولے کی اربوں روپے کی زمین کو واگزار کروایاجائے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات