وہاڑی،دومختلف پولیس مقابلوں میں 2 ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک

بدھ 6 اگست 2025 18:55

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) وہاڑی کے تھانہ گڑھا موڑ اور تھانہ ٹھینگی کی حدود میں پولیس مقابلوں کے دوران دو ریکارڈ یافتہ ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات میں ملزمان نے ناکہ بندی پر روکنے کے اشارے پر پولیس پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔

پہلا واقعہ تھانہ گڑھا موڑ کے علاقے 90 ڈبلیو بی کے قریب پیش آیا جہاں دو موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کے رکنے کے اشارے پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو اپنے ساتھی کی فائرنگ سے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ڈاکو کی شناخت شاہد اقبال سکنہ میاں چنوں کے طور پر ہوئی جو ڈکیتی و رابری کے 26 سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے جائے وقوعہ سے موٹر سائیکل اور پسٹل برآمد کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا۔

دوسرا واقعہ تھانہ ٹھینگی کے علاقے میں پیش آیا جہاں چار موٹر سائیکل سواروں نے ناکے پر پولیس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ساتھیوں کی گولی سے ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والے کی شناخت اختر سکنہ گڑھا موڑ سے ہوئی جو کہ ڈکیتی و چوری کے 18 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا۔\378