حلقہ این اے 129 کے ضمنی انتخابات کیلئے رانا مشہود احمد، حافظ نعمان اور چودھری باقر حسین نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے

بدھ 6 اگست 2025 21:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2025ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 کے ضمنی انتخابات کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئیں، مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود احمد، حافظ نعمان اور چودھری باقر حسین نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔رانا مشہود احمد کے کاغذات نامزدگی ان کے بھائی رانا اسدللہ نے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو جمع کرائے۔

اس موقع پر رانا مشہود کو 10 اگست صبح 10 بجے سکروٹنی کے لیے طلب کیا گیا ہے۔دوسری جانب، سینئر لیگی رہنما چودھری باقر حسین نے بھی این اے 129 سے ضمنی انتخاب کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کو جمع کرا دیے ہیں ۔کاغذات جمع کرانے کے موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما حافظ میاں نعمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کے حکم پر کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے دعوی کیا کہ مسلم لیگ ن نے گزشتہ سوا سال کے دوران علاقے میں بے پناہ عوامی خدمت کی ہے اور پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر یہ الیکشن لڑے گی۔حافظ میاں نعمان نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے حلقے کے عوام کے لیے تاریخی ترقیاتی پیکجز دیے ہیں اور ہمیشہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت جلد ہی امیدوار کے حتمی ٹکٹ کا فیصلہ کرے گی، اور علاقے میں مزید فلاحی اور ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔