کابینہ کمیٹی سرکاری ادارہ جات نے ٹی سی پی بورڈ میں خالی آسامیوں پر تعیناتی کی منظوری دے دی

عاصم عزیز صدیقی چیئرمین، عائشہ عزیز آزاد ڈائریکٹر ،شعیب میر میمن پی آر سی ایل بورڈ کے چیئرمین نامزد

بدھ 6 اگست 2025 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء) کابینہ کمیٹی سرکاری ادارہ جات نے ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان بورڈ میں خالی آسامیوں پر تعیناتی کی منظوری دیتے ہوئے عاصم عزیز صدیقی کو ٹی سی پی بورڈ کا چیئرمین، عائشہ عزیز کو آزاد ڈائریکٹر اورشعیب میر میمن کو پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ (پی آر سی ایل)کے بورڈ کا چیئرمین نامزد کرنے کی توثیق کردی ۔

جاری بیان کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ادارہ جات کا اجلاس بدھ کو وزارت خزانہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ، وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان، چیئرمین ایس ای سی پی، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں و سرکاری اداروں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران کمیٹی نے وزارت تجارت کی جانب سے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے بورڈ میں خالی اسامیوں کو پر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا اور منظوری دی۔ کمیٹی نے عاصم عزیز صدیقی کو ٹی سی پی بورڈ کا چیئرمین، عائشہ عزیز کو آزاد ڈائریکٹر اورشعیب میر میمن کو پاکستان ری انشورنس کمپنی لمیٹڈ (پی آر سی ایل)کے بورڈ کا چیئرمین نامزد کرنے کی توثیق کی۔

کمیٹی نے متعلقہ وزارتوں بشمول وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ سرکاری اداروں کے بورڈز میں تقرریوں کے عمل کا جائزہ لیا جائے اور اس میں بہتری لائی جائے، نیز تقرری کے عمل کو سبکدوشی سے قبل ہی بروقت شروع کیا جائے تاکہ انتظامی خلا سے بچا جا سکے اور تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ کمیٹی نے وزارت مواصلات کی تجویز پر پوسٹل لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تین ایکس آفیشیو (عہدے کے لحاظ سی)ارکان کی تقرری کی منظوری دی۔

کمیٹی نے وزارت مواصلات کو ہدایت کی کہ وہ آزاد ڈائریکٹرز میں سے کسی ایک کو چیئرمین نامزد کرنے کیلئے سمری پیش کرے تاکہ بورڈ کو فعال بنایا جا سکے اور کمپنی کی تنظیم نو اور ممکنہ خاتمے سے متعلق فیصلوں میں پیش رفت ہو سکے، کیونکہ یہ ادارہ اب بھی نجکاری کی فہرست میں شامل ہے۔اجلاس کے دوران کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا)کے بورڈ کی دوبارہ تشکیل کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔

کمیٹی نے نجی شعبے سے چھ آزاد ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری دی جن میں سیف علی رستگار (پنجاب)، مشہود خان(سندھ)، عثمان سیف اللہ خان (خیبر پختونخوا)، اسرار خان کاکڑ (بلوچستان)، آسیہ ساحل خان (خواتین کی نمائندگی)اور ڈاکٹر سید ظہور حسن (ترقیاتی شعبہ)شامل ہیں ۔اجلاس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے سائینٹیفک اینڈ ٹیکنالوجیکل ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پاکستان کی تنظیم نو اور اس کا نیا نام "ادارہ برائے مقامی تحقیق و ترقی رکھنے کے بارے میں بریفنگ سے ہوا جو کمیٹی کے پہلے سے کیے گئے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا تھا۔

کمیٹی کے چیئرمین نے اس اصلاحاتی اقدام کو سراہا اور کہا کہ اس کا مقصد ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی آر اے ڈی اے اپنے متعین کردہ مینڈیٹ کو بھرپور انداز میں پورا کرے گا اور قومی جدت کے نظام میں موثر کردار ادا کرے گا۔