اسلام آباد ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا

شعبہ مکینیکل، الیکٹریکل، سول انجینئرنگ، ٹریفک کمرشل کاماتحت عملہ بھی بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب

بدھ 6 اگست 2025 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2025ء)لاہور سے راولپنڈی جاتے ہوئے اسلام آباد ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ۔ ریلوے زرائع کے مطابق شعبہ مکینیکل، الیکٹریکل، سول انجینئرنگ، ٹریفک کمرشل کے ماتحت عملے کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کر لیاگیا ہے ۔وفاقی انسپکٹر ریلوے عامر نثار چوہدری نے متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

ریکارڈ میں جائے حادثے والی جگہ کی تصاویر، ویڈیوز رولنگ سٹاک ،بوگیوں اور انجن کی تصاویر فراہم کرنے کا کہا گیا ہے ۔ڈی ایس ریلوے لاہور ڈویژن کمیٹی روم میں حادثے کاشکار ہونے والی اسلام آباد ایکسپریس ٹرین حادثہ کی تحقیقات کے تیسرے روزلاہور ٹرین کے اندر ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس اہلکاروں، کالا شاہ کاکو ریلوے اسٹیشن اور مریدکے ریلوے اسٹیشن کے بعض ملازمین کے بیان ریکارڈ کر لیے گئے ۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ٹرین حادثے کی 7 روز میں انکوائری مکمل کر نے کے بعد ذمہ داروں کا تعین کر کے تفصیلی رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔