امریکی صدرڈونلڈٹرمپ کا روسی تیل کی خریداری پر بھارت پر اضافی 25فیصدٹیرف عائد،مجموعی ٹیرف 50فیصد ہو گیا

جمعرات 7 اگست 2025 01:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے پربھارت سے درآمدات پر اضافی 25 فیصدٹیرف عائد کر دیا ،جس کے بعد بھارت پر مجوعی ٹیرف 50 فیصد ہو گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری ایگزیکٹو آرڈر کے تحت بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق رواں ماہ 27 اگست سے ہو گا۔

ایگزیکٹو آرڈر میں یہ بھی کہا گیا ہے اگر کسی غیر ملکی ملک کو اس کارروائی کے جواب میں امریکہ کے خلاف جوابی کارروائی کرنی چاہیے تو امریکی صدر اس حکم میں ترمیم کر سکتے ہیں تاکہ یہاں دیے گئے اقدامات کی افادیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ یا د رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت سے درآمدات پر موجودہ 25 فیصد ٹیرف کو اگلے 24 گھنٹوں میں نمایاں طور پر بڑھا دیں گے کیونکہ بھارتی حکومت نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ٹرمپ نے سی این بی سی کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارت ایک اچھا تجارتی پارٹنر نہیں رہا، اس لیے ہم نے اس پر25 فیصد اضافی ٹیرف لگانے کا فیصلہ کیا لیکن میں اگلے 24 گھنٹوں میں اس میں بہت زیادہ اضافہ کرنے جا رہا ہوں کیونکہ وہ روسی تیل خرید رہا ہے۔دریں اثنا30 جولائی کو ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ روس سے مسلسل فوجی ساز و سامان اور تیل کی خریداری پر بھارت پر جرمانہ بھی عائد کر دیاہے۔