جاپانی کمپنی سونی نے وڈیو گیم سکیٹر کے شاندار سہ ماہی نتائج کے بعد سالانہ منافع کی پیش گوئی میں اضافہ کر دیا

جمعرات 7 اگست 2025 10:50

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) پلے اسٹیشن بنانے والی معروف جاپانی کمپنی ’’سونی‘‘ نے گیمنگ بزنس کی شاندار کارکردگی اور امریکی ٹیرف کے توقع سے کم منفی اثرات کے پیش نظر اپنے سالانہ منافع کی پیش گوئی میں اضافہ کر دیا ہے۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جاپانی الیکٹرانکس اور انٹرٹینمنٹ کمپنی نے کہا کہ ویڈیو گیم سیکٹر میں صارفین کی شمولیت نے اپنی مستحکم رفتار کو برقرار رکھا۔

کمپنی کے مطابق جون میں ماہانہ فعال صارفین اور اپریل تا جون سہ ماہی میں پلے اسٹیشن کنسولز پر کل گیم پلے کے اوقات دونوں میں گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 6فیصد اضافہ ہوا ہے۔کمپنی نے مزید کہا کہ اضافی امریکی ٹیرف کی صورت حال اب بھی غیر یقینی ہے اور ہم اس پر نظر رکھیں گے اور اس کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

سونی کے مطابق اضافی امریکی ٹیرف کے نتیجے میں آپریٹنگ آمدنی پر پڑنے والا اثر تقریباً 70 ارب ین (470 ملین ڈالر) ہے جو کہ پچھلی پیش گوئی سے 30 ارب ین کم ہے۔

کمپنی نے موجودہ مالی سال 2025-26 کے لیے خالص منافع کی پیش گوئی بڑھا کر 970 ارب ین (6.6 ارب ڈالر) کر دی ہے جو کہ پہلے 930 ارب ین تھی تاہم یہ نئی پیش گوئی بھی گزشتہ مالی سال کے ریکارڈ 1.1 ٹریلین ین کے خالص منافع سے کم ہے۔جیفریز کے ایکویٹی تجزیہ کار اتل گوئل نے سونی کی آمدنی رپورٹ سے قبل کہا کہ مئی 2026 میں گیم "گرینڈ تھیفٹ آٹو VI" کی عالمی سطح پر شدت سے منتظر ریلیز سونی کے لیے گیمز میں منافع کی بلند ترین سطح کا سبب بن سکتی ہے۔

GTA VI جو پلے اسٹیشن 5 اور مائیکروسافٹ کے ایکس باکس پر ریلیز کی جائے گی ، میامی سے مشابہ وائس سٹی میں سیٹ ہے اور اس میں پہلی بار ایک خاتون مرکزی کردار بھی قابل کھیل ہوگا۔اتل گوئل کے مطابق 2020 میں لانچ ہونے والا پلے اسٹیشن 5 اب کنسول کی روایتی عمر کے آخری حصے میں داخل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سونی کی مستقبل کی پیش رفت کا انحصار قریبی مدت میں محصولات کے دباؤ سے نمٹنے، GTA6 کی بڑی کامیابی سے فائدہ اٹھانے اور کنسول مارکیٹ کے چکروں سے جڑے خطرات کو سنبھالنے پر ہے۔

جاپانی کمپنی، جس نے اس سال اپریل تا جون سہ ماہی میں خالص منافع میں سالانہ 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا، نے اپنے آپریٹنگ منافع کی پیش گوئی میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔کمپنی کے اس اعلان کے بعد ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ میں سونی کے حصص کی قیمت میں 6 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔