گوگل کا مصنوعی ذہانت کی تربیت اور جدید ٹولز تک رسائی کو فروغ دینے کیلئے امریکی تعلیمی اداروں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

جمعرات 7 اگست 2025 11:51

گوگل کا  مصنوعی ذہانت کی تربیت اور جدید ٹولز تک رسائی کو فروغ دینے کیلئے ..
سان فرانسسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) امریکی انٹرنیٹ سرچ انجن اور ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نےامریکی تعلیمی اداروں میں ایک ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جو اگلے تین سال میں امریکہ بھر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں اور غیر منافع بخش تنظیموں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تربیت اور ٹولز تک رسائی کو فروغ دینے کے لیے کی جائے گی۔

اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق یہ منصوبہ اس وقت 100 سے زائد جامعات پر مشتمل ہے، جن میں ٹیکساس اے اینڈ ایم اور یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا جیسے بڑے تعلیمی نیٹ ورکس شامل ہیں۔تعلیمی منصوبے میں شامل اداروں کو مختلف وسائل فراہم کیے جائیں گے، جن میں مالی گرانٹس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ کریڈٹس اور طلبہ کی تربیت و تحقیق کے لیے جمینی چیٹ بوٹ کے جدید ورژن کے مفت لائسنس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

گوگل میں ریسرچ، لیبز، ٹیکنالوجی اور سوسائٹی کے سینئر نائب صدر جیمز منییکا نے رائٹرز کو بتایا کہ کمپنی اس پروگرام کو امریکہ کی تمام تسلیم شدہ غیر منافع بخش جامعات تک وسعت دینا چاہتی ہے اور وہ اسے بین الاقوامی سطح پر بھی متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مائیکروسافٹ سمیت دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان مصنوعی ذہانت کی تعلیم میں برتری حاصل کرنے کی دوڑ شدت اختیار کر چکی ہے۔ حال ہی میں مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں اے آئی کو تعلیمی نظام میں شامل کرنے کے لیے چار ارب ڈالر مختص کیے ہیں۔ اوپن اے آئی اور انتھروپک جیسی کمپنیوں نے بھی اسی طرز کے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔