بھارت چین سے قربتیں بڑھانے کیلئے کوشاں

امریکا کی تجارتی پابندیوں کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا 7 سال بعد چین کا دورہ کرنے کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی بدھ 6 اگست 2025 22:08

بھارت چین سے قربتیں بڑھانے کیلئے کوشاں
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست2025ء) بھارت چین سے قربتیں بڑھانے کیلئے کوشاں، نریندر مودی کا 7 سال بعد چین کا دورہ کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کی تجارتی پابندیوں کے بعد بھارت نے اپنی خارجہ پالیسی میں یکدم بڑی تبدیلی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارت گزشتہ کئی برسوں سے چین کے ساتھ جاری کشیدہ تعلقات کو بہتر کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔

اسی سلسلے میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے چین کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ان کا گزشتہ 7 سالوں میں چین کا پہلا دورہ ہو گا۔ بھارتی وزیر اعظم 31 اگست کو چین میں شیڈول شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے پر بھارت پر عائد ٹیرف مزید 25 فیصد اضافے سے 50 فیصد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کر کے مجموعی ٹیرف 50 فیصد کر دیے جانے کے فیصلے پر بھارت کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ بھارت کے وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس سے تجارت اور تیل کی خریداری پر بھارت اپنی پوزیشن سے متعلق پہلے ہی وضاحت کر چکا، اس کے باوجودیہ اقدامات بلاجواز، غیر منصفانہ اور غیر منطقی ہیں۔

بھارت اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکنہ قدم اٹھائے گا۔ واضح رہے کہ روس سے تیل کی خریداری بند کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کیخلاف انتہائی سخت ایکشن کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت پر عائد ٹیرف میں مزید 25 فیصد اضافہ کردیا۔ امریکی صدر نے اس سے قبل بھی بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یوں بدھ کے روز امریکی صدر کی جانب سے اضافی ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے کے بعد بھارت پر اب مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے روس کے تیل کی خریداری جاری رکھنے پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط بھی کر دیے جس کے بعد نیا اضافی ٹیرف 27 اگست سے نافذالعمل ہوگا۔

اس حوالے سے امریکی صدر نے اپنے پیغام میں بھارت کو دنیا کے سب سے زیادہ ٹیرف لگانے والے ممالک میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ بھارت نے غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹیں بھی عائد کی ہوئی ہیں جو امریکی مفادات کے خلاف ہیں۔ صدر ٹرمپ نے بھارت پر روس سے دفاعی سازوسامان اور توانائی خریدنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت روس کا سب سے بڑا توانائی خریدار ہے، جو عالمی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر ٹیرف کے ساتھ اضافی جرمانہ بھی عائد کرنے کا اعلان کر دیا۔ جبکہ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر مزید ٹیرف لگانے کی دھمکی بھی دی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے بعد کہا ہے کہ روس سے تیل کی خریداری بند نہ کی تو مزید ٹیرف لگے گا۔ روس سے تجارت کرنے اور تیل خریدنے والے ممالک پر 500 فیصد تک ٹیرف بھی عائد کر سکتے ہیں۔