راولپنڈی میں انسانی اعضاء کی غیرقانونی پیوندکاری کا سینٹر پکڑا گیا، سٹریچر پر بندھا شخص بازیاب

پولیس نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم غیرقانونی پیوندکاری سینٹر پر چھاپہ مارا، 6 افراد دیواریں پھلانگ کر فرار ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 7 اگست 2025 13:45

راولپنڈی میں انسانی اعضاء کی غیرقانونی پیوندکاری کا سینٹر پکڑا گیا، ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2025ء ) صوبہ پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کا سینٹر پکڑا گیا جہاں سے پولیس نے سٹریچر پر بندھے شخص کو بازیاب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے روات میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری کے سینٹر کا انکشاف ہوا، جس کی اطلاع ملنے پر پولیس نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں قائم اس غیر قانونی پیوندکاری کے سینٹر پر چھاپہ مارا جہاں سے سٹریچر سے بندھے ہوئے شخص کو بازیاب کرا لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی پیوندکاری سینٹر میں پولیس کو دیکھ کر وہاں کام کرنے والے 6 افراد دیواریں پھلانگ کر فرار ہوگئے تاہم اس دوران پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جب کہ اس آپریشن میں بازیاب ہونے والے متاثرہ شخص نے بتایا کہ اسے نوکری کا جھانسہ دے کر وہان بلایا گیا تھا جس کے بعد اُسے نشہ آور شے پلا کر بیہوش کردیا گیا اور ملزمان میرا گردہ نکالنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

حال ہی میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی (ہوٹا) سمیت دیگر اداروں نے شیخوپورہ میں مشترکہ کارروائی کے دوران غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث 8 رکنی گروہ کو گرفتار کیا، پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی نے اطلاع ملنے پر شیخوہ پورہ کے نجی ہسپتال میں چھاپہ مارا، جہاں غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث منظم گروہ مقامی رہائشی کا گردہ نکال کر افریقی شہری کو لگا رہا تھا۔

بتایا گیا تھا کہ ملزمان نے افریقی شہری سے پیوندکاری کی مد میں 70 لاکھ روپے وصول کر لیے تھے تاہم گردہ دینے والے ڈونرکو رقم ادا نہیں کی گئی، اتھارٹی نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ڈاکٹر وقاص مصطفیٰ سمیت 2 خواتین، آپریشن تھیٹر ٹیکنیشنز اور ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا، یہ گروہ انسانی اعضاء کی خرید و فروخت اور غیر قانونی ٹرانسپلانٹیشن میں ملوث تھا، ملزم جعلی ڈاکٹر نسیم کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے شروع کردیئے گئے۔

متعلقہ عنوان :