چین کا اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ، فلسطینی ریاست کے قیام پر زور

چین کے خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطی ژائی جون کی بیجنگ میں عرب ممالک کے سفیروں سے ملاقات

جمعرات 7 اگست 2025 17:11

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء) چین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائیاں فوری طور پر بند کرے اور فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے دو ریاستی حل کو اپنائے۔ چین نے ساتھ ہی عرب ممالک کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا ہے۔یہ بیان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے حالیہ اجلاس کے دوران چین کے نائب مستقل مندوب گینگ شوانگ نے دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین اسرائیل کے ان اقدامات پر گہری تشویش رکھتا ہے، جو خطے میں صورتحال کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔چینی مندوب نے کہاکہ دو ریاستی حل کا مکمل نفاذ اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلہ فلسطین کا واحد پائیدار حل ہے۔ انہوں نے ایک مثر اور پائیدار جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔ادھر چین کے خصوصی ایلچی برائے مشرقِ وسطی ژائی جون نے بیجنگ میں عرب ممالک کے سفیروں سے ملاقات کی اور کہا کہ چین چاہتا ہے کہ عرب ممالک فلسطینی کاز میں مزید فعال کردار ادا کریں اور آپس میں اتحاد قائم رکھیں۔