کیسکو اپنے وسائل اور عملے کے ذریعے صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، ایکسئین واپڈا کیسکو

جمعرات 7 اگست 2025 17:23

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) ایکسئین کیسکو آپریشن نصیرآباد ڈویژن شبیر احمد مستوئی نے کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹو افیسر کیسکو بلوچستان سید یوسف علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر نصیرآباد ڈویژن میں بقایاجات کی وصولی اور بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کو درپیش مالی مشکلات کی ایک بڑی وجہ صارفین کی جانب سے بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی اور بجلی چوری جیسے سنگین مسائل ہیں جن سے قومی ادارے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شہری دیہی علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں کی گئی ہیں، جہاں غیر قانونی کنکشنز کو منقطع کر دیا گیا ہے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جا رہی ہے۔ شبیر احمد مستوئی کا کہنا تھا کہ کیسکو کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں بجلی کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے ان کا کہنا تھا کہ جو صارفین اپنے بقایاجات ادا نہیں کریں گے ان کے کنکشن منقطع کر دیے جائیں گے۔\378