مشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے علوم کو سرکاری سکولوں میں پڑھایا جارہا ہے ، فرح ناز اکبر

جمعرات 7 اگست 2025 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) قومی اسمبلی کوپارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر کی جانب سے بتایا گیا کہ مشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے علوم کو سرکاری سکولوں میں پڑھایا جارہا ہے اور اس حوالے سے نجی شعبہ کے تعلیمی معیارکے ہم پلہ بنایا گیا ہے۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں زہرہ ودود فاطمی کے تعلیمی سکولوں میں بہتری کے حوالے سے رپورٹ پر سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر نے کہا کہ حکومت سرکاری شعبہ کے تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنارہی ہے اورمشین لرننگ اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے مضامین کو سرکاری شعبہ کے سکولوں میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی درجہ بندی کے 30 اداروں نے اس حوالے سے سروے بھی کرایا ہے جس کے اعدادوشمار بتار ہے ہیں کہ سرکاری شعبہ کے سکول بھی نجی شعبہ کے معیارپر پورا اتر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ سومرو کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر نے کہا کہ وفاقی نظامت تعلیمات کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کے حوالے سے معزز عدالت نے حکم امتناعی جاری کر رکھا ہے جونہی اس کیس کا فیصلہ ہو گا اس معاملہ کو نمٹا دیا جائے گا۔

دریں اثناء شاہدہ اخترعلی کے ضمنی سوال کے جوا ب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ایچ ای سی کے حوالے سے خیبرپختونخوا کی پشاور یونیورسٹی کےمالی بحران پر توجہ دلائی گئی ہے جونہی فنڈزکے معاملات درست ہونگے اس معاملے کو بھی حل کردیا جائے گا جس کےلئے ایچ ای سی اپنا کام کررہا ہے۔