جولائی 2025 زمین کا تیسرا گرم ترین جولائی بن گیا

جمعرات 7 اگست 2025 17:37

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) جولائی 2025 زمین کا تیسرا گرم ترین جولائی ریکارڈ کیا گیا اور ترکیہ میں درجہ حرارت50.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی نئی حد عبور کر گیا۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ نے یورپی یونین کے ماحولیاتی ادارے کے حوالے سے بتایا کہ جولائی 2025 زمین کی تاریخ کا تیسرا گرم ترین جولائی ثابت ہوا جس دوران ترکیہ میں ملک کا درجہ حرارت 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ (122.9 فارن ہائیٹ) تک پہنچ گیاجو ایک نیا قومی ریکارڈ ہے۔

یورپی ادارہ "کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس (سی 3 ایس ) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جولائی میں دنیا بھر کا اوسط زمینی درجہ حرارت 16.68 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو کہ 1991 سے 2020 کے درمیان اوسط درجہ حرارت سے 0.45 ڈگری زیادہ تھا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ حالیہ دنوں میں درجہ حرارت کے عالمی ریکارڈ رک گئے ہیں لیکن موسمیاتی تبدیلی کے اثرات بدستور جاری ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں شدید گرمی کی لہریں اور تباہ کن سیلاب جولائی کے مہینے میں دنیا بھر میں دیکھے گئے۔ادارے کے ڈائریکٹر کارلو بوانٹیمپو نے کہا کہ دو سال قبل ریکارڈ پر موجود سب سے گرم جولائی کے بعد، اس سال نئے عالمی درجہ حرارت کے ریکارڈ کا سلسلہ فی الوقت تھم گیا ہے تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ موسمیاتی تبدیلی رک گئی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ماحولیاتی بحران کے اثرات نہ صرف جاری ہیں بلکہ شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں، جن میں گرمی کی شدید لہریں، جنگلاتی آگ، اور بارشوں کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب شامل ہیں۔