Live Updates

پاکپتن میں خاتون پر تشدد کا افسوسناک واقعہ

پنجاب پولیس کے مرد اہلکار نے سرعام خاتون پر تھپڑوں کی بارش کر دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 اگست 2025 18:12

پاکپتن میں خاتون پر تشدد کا افسوسناک واقعہ
پاکپتن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2025ء)پاکپتن میں خاتون پر تشدد کا افسوسناک واقعہ، پنجاب پولیس کے مرد اہلکار نے سرعام خاتون پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے ہاتھوں خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکپتن میں ایک پولیس اہلکار کی جانب سے گھر میں گھس پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا۔

تشدد کا نشانہ بنانے والے پولیس اہلکار کے ساتھ مزید پولیس اہلکار بھی تھے۔ پنجاب پولیس کے مرد اہلکار نے خاتون کو سرعام تھپڑ مارے، اس تمام واقعے کی ویڈیو ریکارڈ کر لی گئی۔ واقعے کی مزید تفصیلات سے متعلق بتایا گیا ہے کہ پاکپتن کے فرید کوٹ چوکی اِنچارج اسسٹنٹ سب اِنسپکٹر نے نفری کے ہمراہ چک 39 میں ایک پر دھاوا بولا اور وہاں موجود خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

خاتون کو لاتوں، مکوں سے مارا اور گھسیٹا گیا، بدتمیزی اور گالم گلوچ بھی کی گئی۔ خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ سسرال والوں نے گھر سے بے دخلی کے لیے پولیس سے تشدد کروایا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او پاکپتن نے نوٹس لے لیا۔ ڈی پی او پاکپتن کی ہدایت پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تاہم پولیس اہلکار کیخلاف کسی قسم کی ایف آئی آر درج کرنے سے متعلق تصدیق نہیں کی جا سکی۔ گرفتار پولیس افسر کی شناخت اے ایس آئی اعجاز کے طور پر ہوئی ہے۔ اے ایس آئی اعجاز فرید کوٹ چوکی میں تعینات ہے اور خاتون سے گھر خالی کرانے کیلئے گیا تھا۔ڈی پی او جاوید اقبال نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات