پی ٹی آئی ارکان کو 9 مئی کے جعلی کیسز میں کینگرو کورٹس کے ذریعے بوگس سزائیں دلوائی گئیں

الیکشن کمیشن حکومت کی تابعداری میں آئین وقانون پامال کر رہا ہے، مقامی مارکیٹ میں قیمت بڑھنے سے شوگرملوں نے 300 ارب روپے کا منافع کمایا، موجودہ حکومت کے کرپشن اسکینڈلز بڑھتے جا رہے ہیں، رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 8 اگست 2025 20:22

پی ٹی آئی ارکان کو 9 مئی کے جعلی کیسز میں کینگرو کورٹس کے ذریعے بوگس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2025ء) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کو 9 مئی کے جعلی کیسز میں کینگرو کورٹس کے ذریعے بوگس سزائیں دلوائی گئیں ، الیکشن کمیشن حکومت کی تابعداری میں آئین وقانون پامال کر رہا ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج سابق گورنر محمد زبیر عمر سے ملاقات ہوئی۔ جس میں چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے شرکت کی۔

ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ محمد زبیر نے  کامیاب اے پی سی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے پلیٹ فارم کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین پی اے سی جنید اکبر نے چینی اسکینڈل پر بھی بریفنگ دی اور کہا کہ 67 شوگرملوں نے 40 کروڑ ڈالر ( یعنی 112 ارب روپے ) مالیت کی چینی برآمد کی، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں قیمت بڑھنے سے شوگر ملوں نے 300 ارب روپے کا منافع کمایا۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت کے کرپشن اسکینڈلز روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں، جن پر نہ کوئی ایکشن لیا جا رہا ہے اور نہ ہی آزادانہ تحقیقات کروائی جا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کی معاشی حالت مسلسل کمزور ہو رہی ہے۔ حکومت کو ان تمام مالی اسکینڈلز کی آزادانہ تحقیقات کرنی چاہیے۔ ملاقات میں حکومت کے فاشسٹ رویے پر شدید افسوس کا اظہار کیا گیا، جنہوں نے عدالتوں کو کمپرومائز کر رکھا ہے اور اپنے من پسند فیصلے لے رہے ہیں۔

تحریکِ انصاف کے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو 9 مئی کے جعلی کیسز میں کینگرو کورٹس کے ذریعے بوگس سزائیں دلوا کر، پھر اس الیکشن کمیشن سے ڈی سیٹ کروایا گیا، جس کا چیئرمین خود چھ ماہ سے ایکسٹینشن پر ہے اور حکومت کی تابعداری میں آئین و قانون کی پامالی میں کردار ادا کر رہا ہے۔ جس تیزی سے عمر ایوب، شبلی فراز، حامد رضا اور دیگر ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی کو نااہل کیا گیا، اگر یہی تیزی چینی اسکینڈل میں دکھائی جاتی تو ملک کی موجودہ ابتر صورتحال پیدا نہ ہوتی۔

دوسری جانب سیاسی رہنماء فواد چوہدری نے کہا کہ سب عدلیہ جیل ٹرائل میں لگی ہوئی ہیں جبکہ ہم بدقسمتی سے ایک ظالم حکومت اور نااہل اپوزیشن تحریک انصاف کے درمیان پس رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وہ اپنا ظلم کم نہیں کر رہے اور یہ اپنی نالائقیاں، پورا نظام انصاف شرمسار ہے،جو فیصلے آ رہے ہیں سب آپ کے سامنے ہیں، عدالتی نظام کو بہت نقصان پہنچا اور اب عام آدمی کو اس پر اعتبار نہیں رہا۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صبح ایک بندہ اٹھ کر کہہ دیتا ہے آج ہم احتجاج کریں گے، ساری لیڈر شپ اڈیالہ جاتی ہے اور کھانے کھا کر واپس آ جاتی ہے لیکن عام کارکن پس رہا ہے اور یہ سلسلہ کب تک چلتا ہے اس کا علم نہیں، ان سے سیاست ہو رہی ہے اور نہ وکالت!