پاکستان - قطر اقتصادی شراکت داری کے پائیدار فروغ کے لئے پرعزم ہیں، ناصر منصور قریشی

جمعرات 7 اگست 2025 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے پاکستان اور قطر کے مابین مضبوط اقتصادی تعلقات قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے جس میں دو طرفہ تجارت کو بڑھانے، مشترکہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور پائیدار تجارتی نمو کو فروغ دینے کے لئے نجی شعبے کے تعاون سے فائدہ اٹھانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

آئی سی سی آئی سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوحہ میں پاکستان قطر بزنس ایکسپو 2025 کے حالیہ کامیاب اختتام کے بعد اسلام آباد میں ایک خصوصی انٹرویو کے دوران کیا۔ اس اہم ایکسپو کا انعقاد آئی سی سی آئی کے بینر تلے کیا گیا تھا جس میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، چیمبر کے ایگزیکٹو ممبران اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباری اداروں کے رہنماؤں کے ایک بڑے وفد نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر ناصر منصور قریشی نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات خاص طور پر اقتصادی تعاون کی تعریف کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں اس میں اضافہ ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں آئی سی سی آئی کے صدر نے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو آگے بڑھانے میں نجی شعبے کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور دونوں اطراف کے تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور توانائی، انفراسٹرکچر، مینوفیکچرنگ اور خدمات سمیت اہم شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری قائم کریں۔

قطر کے متحرک کاروباری منظرنامے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے ملک کے جدید انفراسٹرکچر، سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول اور مستحکم ریگولیٹری فریم ورک کو پاکستانی کاروباری اداروں کے لئے قطری مارکیٹ میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا ۔ایکسپو کو "تجارتی سفارتکاری کے لئے آئی سی سی آئی کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت" قرار دیتے ہوئے صدر ناصر منصور قریشی نے ملک کے بہترین اقتصادی مفاد میں خلیجی خطے کے ساتھ طویل مدتی تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے چیمبر کے عزم کی توثیق کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی ادارہ جاتی روابط قائم کرنے کے لئے فعال طور پر کام کر رہا ہے جس کا مقصد مستقبل کے مشترکہ منصوبوں اور دوست ممالک کے ساتھ پائیدار اقتصادی روابط کو آسان بنانا ہے۔انہوں نے ایکسپو کو اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ایک شاندار کامیابی قرار دیا۔