ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کا راولپنڈی ڈویژن کے علماء کرام کے وفد کے ساتھ اجلاس

جمعرات 7 اگست 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کا راولپنڈی ڈویژن کے علماء کرام کے وفد کے ساتھ اجلاس ،باہمی اعتماد اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پرغور کیا گیا،جس طرح محرم الحرام پر امن گزرا اسی طرح چہلم کے جلوس و مجالس کے لیے بھی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے تاکہ راولپنڈی ریجن میں پر امن طریقے سے چہلم کے جلوس بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوں، تمام سٹیک ہولڈرز اور علماء کرام کے تعاون سے ہر ممکن امن و امان کو قائم رکھا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے راولپنڈی ریجن کے علماء کرام کے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔وفد میں شامل تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام علماء کرام پولیس وانتظامیہ کے ساتھ امن وا مان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ہمیشہ کی طرح ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں گے، اس موقع پر آر پی اوراولپنڈی بابر سرفراز الپا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح محرم الحرام کے دوران راولپنڈی ریجن میں امن و امان کی مثالی فضا قائم رہی، اسی جذبے، یکجہتی اور تعاون کے ساتھ چہلم کے جلوس و مجالس کے دوران بھی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے،راولپنڈی ریجن میں 50 سے زائد جلوس اور40 سے زائد مجالس پر سیکورٹی کے لیے6500 سے زائد افسران و جوانوں کو مامور کیاگیا ہے، ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر لمحہ صورت حال پر نظر رکھی جا سکے،ٹریفک کے بہاؤ کو منظم رکھنے کے لیے متبادل روٹس اور پلان جاری کیے جائیں گے، اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر بھائی چارے، رواداری اور امن کا پیغام عام کیا جائے گا اور کسی بھی شر انگیز یا اشتعال انگیز عنصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

آخر میں آر پی او بابر سرفراز الپا نے مزید کہا کہ راولپنڈی ریجن پولیس عوامی اعتماد اور علماء کرام کے تعاون سے امن کے قیام کو یقینی بنائے گی اور چہلم حضرت امام حسینؑ بخیر و عافیت اختتام پذیر ہو گا۔