پاکپتن، گھر میں گھس کر خاتون پر تشدد کرنے والا پولیس افسر گرفتار، مقدمہ درج

جمعرات 7 اگست 2025 20:40

پاکپتن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2025ء)پاکپتن میں گھر میں گھس کر خاتون پر تشدد کرنیوالے پولیس افسر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکپتن میں ایک گھر میں پولیس افسر کی خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کا ڈسٹرکٹ پولیس افسر پاکپتن جاوید اقبال نے نوٹس لیا اور بعدازاں مذکورہ پولیس افسر کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس افسر جس کی شناخت اے ایس آئی اعجاز کے طور پر ہوئی، گھر میں ایک خاتون کو تھپڑ اور لاتیں مار رہا ہے، جبکہ ایک لیڈی پولیس اہلکار بھی اس کے ساتھ موجود ہے۔ڈی پی او پاکپتن جاوید اقبال نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لیا جس کے بعد اے ایس آئی اعجاز کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔اے ایس آئی اعجاز فرید کوٹ چوکی میں تعینات ہے اور خاتون سے گھر خالی کرانے کیلئے گیا تھا۔ڈی پی او جاوید اقبال نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔

متعلقہ عنوان :