صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 7 اگست 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت محکمہ معدنیات و کان کنی کی تنظیمِ نو اور آٹومیشن منصو بہ کے لیے فنڈز کی فراہمی و اجرا سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری معدنیات سیدال لونی، ڈی جی معدنیات عبداللہ شاہوانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ معدنیات و کان کنی کا شعبہ بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔

اس شعبہ سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے، لہٰذا اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹومیشن منصوبے سے شفافیت، کارکردگی اور نگرانی میں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کانوں میں حادثات کی روک تھام اور مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور موئثر اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدا یت پر مائنز اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی ، جس میں مائنز ایکٹ سے متعلق مختلف قانونی پہلوئوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر نے مائنز اونرز کے جائز اور قانونی مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ساتھ کان کنی کے شعبے کو فعال، محفوظ اور پائیدار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ عنوان :