نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت ایکنک کا اجلاس، وفاقی و صوبائی سطح پر کل 28 اہم منصوبوں کی منظوری دیدی گئی

جمعرات 7 اگست 2025 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2025ء) نیشنل اکنامک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے توانائی، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، ماحولیات، انتظامیہ اور عوامی خدمات کے شعبوں میں وفاقی و صوبائی سطح پر کل 28 اہم منصوبوں کی منظوری دیدی۔ ایکنک کے اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کی۔

(جاری ہے)

جمعرات کو نائب وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں توانائی، انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، ماحولیات، انتظامیہ اور عوامی خدمات کے شعبوں میں وفاقی و صوبائی سطح پر کل 28 اہم منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور منظوری دی گئی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ، اداروں کو مضبوط بنانے اور طویل المدتی معاشی استحکام و خوشحالی کی بنیاد رکھنے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی، معاون خصوصی وزیراعظم طارق باجوہ، پلاننگ، اقتصادی امور ڈویژن اور کابینہ ڈویژن کے وفاقی سیکرٹریز، چیئرمین این ایچ اے، متعلقہ صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور مختلف وزارتوں و محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔