2فیصل آباد،ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ، فیصل آباد میں پیاز، لہسن، مرچ اور ٹماٹر کی فصلات کے سالانہ پیداواری منصوبہ برائے سال 2025-26 کے حوالے سے ایک اہم اجلاس

جمعرات 7 اگست 2025 23:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ، فیصل آباد میں پیاز، لہسن، مرچ اور ٹماٹر کی فصلات کے سالانہ پیداواری منصوبہ برائے سال 2025-26 کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈاکٹر اشتیاق حسن، ڈائریکٹر جنرل (فارم اینڈ ٹریننگ)پنجاب،لاہور نے کی۔اس اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، کراپ رپورٹنگ سروسز فیصل آباد ڈویژن، حبیب اللہ، ریسرچ آفیسر اڈاپٹیو ریسرچ ڈائریکٹوریٹ لاہورجاوید اقبال، ڈائریکٹر زرعی اطلاعات فیصل آباد، ڈاکٹر آصف علی، پرنسپل سائنٹسٹ شعبہ سبزیات، سجاد سعید، پرنسپل سائنٹسٹ صوبیہ اعجاز، ڈپٹی ڈائریکٹر، کراپ رپورٹنگ سروسز اشرف علی ، سینئر سائنٹسٹ شعبہ سبزیات ڈاکٹر وسیم عباس سینئر سائنٹسٹ شعبہ اگرانومی ڈاکٹر طاہرہ تبسم، سائنٹفک آفیسر شعبہ سبزیات مہوش طاہر، پرنسپل سائنٹسٹ شعبہ سائل فرٹیلٹی ندیم رضا، سائنٹفک آفیسر شعبہ امراضِ نباتات صبا سعید، اور متعلقہ شعبہ جات کے دیگر ماہرین و افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سال 2024-25 کے دوران مذکورہ فصلات کے پنجاب میں زیرِ کاشت رقبے اور حاصل شدہ پیداوار کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ اس تفصیل کے مطابق، پیاز 51,892 ہیکٹر رقبے پر کاشت کی گئی جس سے 914,008 ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔ لہسن 6,491 ہیکٹر پر اگایا گیا اور اس سے 53,776 ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔ مرچ 6,796 ہیکٹر رقبے پر کاشت کی گئی اور 17,987 ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔

جبکہ ٹماٹر 8,047 ہیکٹر رقبے پر کاشت کیا گیا جس سے 204,024 ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔اجلاس میں ان فصلات کی جامع پیداواری ٹیکنالوجی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، جس میں بیج کی بوائی کے موزوں طریقے، زمین کی تیاری، مقامی و موسمی حالات کے مطابق موزوں اقسام کا انتخاب، متوازن کھادوں کا استعمال، آبپاشی، تحفظِ نباتات، برداشت اور بعد از برداشت کے مراحل شامل تھے۔

ڈاکٹر اشتیاق حسن نے اس موقع پر زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ سبزیوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے نہ صرف بنیادی کھادوں کے متوازن استعمال پر توجہ دیں بلکہ سبزیوں کی غذائی اہمیت بڑھانے کے لیے عناصر صغیرہ جیسے زنک، بوران اور آئرن کے محفوظ استعمال پر بھی تحقیقی تجربات کریں، تاکہ کاشتکاروں کو بہتر رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فصلات کی بہتر منصوبہ بندی اور سائنسی بنیادوں پر رہنمائی سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ زرعی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی مدد حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے زرعی سائنسدانوں کو تاکید کی کہ وہ اپنی تحقیقی سفارشات کو کاشتکاروں تک بروقت پہنچانے کے لیے توسیعی نظام سے قریبی رابطہ رکھیں۔ماہرین نے فصلات کو بیماریوں اور کیڑوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے جدید زرعی زہریں، تجویز کردہ اسپرے شیڈول اور مؤثر کنٹرول کے طریقہ کار بھی پیش کیے۔

ان تمام سفارشات کا بغور جائزہ لیا گیا اور سائنسدانوں کی مشاورت و تکنیکی آراء کی روشنی میں ان پر نظرثانی کی گئی۔اجلاس کے شرکاء نے تفصیلی غور و خوض کے بعد پیاز، لہسن، مرچ اور ٹماٹر کے سالانہ پیداواری منصوبے 2025-26 کی منظوری دی جس میں چند ضروری ترامیم اور سفارشات بھی شامل کی گئیں