ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی کارروائی، خاتون کو ہراساں کرنیوالا شخص رنگے ہاتھوں گرفتار

جمعہ 8 اگست 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میں قائم ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی فوری کارروائی سے خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون نے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کے ذریعے اطلاع دی کہ ایک شخص روزانہ دفتر آتے جاتے اس کا پیچھا کرتا اور نازیبا حرکات کے ذریعے اسے ہراساں کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

شکایت موصول ہوتے ہی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن نے فوری ایکشن لیتے ہوئے قریبی پولیس کو موقع پر روانہ کیا، اسی دوران سیف سٹی کی خاتون افسر نے ویڈیو کال کے ذریعے متاثرہ خاتون سے براہ راست رابطہ کیا اور اسے مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ پولیس تھانہ سرور روڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے انکشاف ہوا ہے کہ ملزم پہلے بھی ایسی حرکات میں ملوث رہا ہے ،خواتین کسی بھی ہراسانی یا ناخوشگوار صورتحال میں فوری طور پر 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر کال کریں، خواتین ویمن سیفٹی ایپ میں موجود چیٹ فیچر یا ویڈیو کال کے ذریعے بھی ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن سے براہِ راست رابطہ کر سکتی ہیں۔