وقت آ گیا ہے حکومت مقامی سطح پر معاشی اصلاحات کا آغاز کرے ‘ خادم حسین

سیاسی استحکام اور داخلی سلامتی کو بھی یقینی بنانا ہوگا ‘رکن بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی

جمعہ 8 اگست 2025 12:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ دعوئوں کے باوجود پاکستان کی معیشت آج بھی نازک صورتحال سے دوچار ہے، ہمارا موجودہ اخراجاتی حجم بے حد زیادہ ہے اور قرض پر مارک اپ موجودہ اخراجات کے کل حجم کا بڑا حصہ بن چکا ہے،ملک کا صنعتی ڈھانچہ جوں کا توں برقرار ہے جبکہ برآمدات کا حجم زیادہ ویلیو ایڈڈ پیداوار کے بجائے عالمی قیمتوں میں اتار چڑھا ئوپر منحصر ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوںنے کہا کہ پاکستان کی مسلسل خراب معاشی کارکردگی کی اصل وجہ کو تلاش کرنا ہوگا ،ہر سال قومی بجٹ کا بڑا حصہ بے جا اخراجات میں چلا جاتا ہے ،آئی ایم ایف نے اپنی دستاویزات میں خبردار کیا ہے کہ ایسے اقدامات ملک میں سماجی بے چینی کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اب بھی بار بار آئی ایم ایف پر انحصار کر رہا ہے ،پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے چوبیسویں پروگرام میں ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بجائے اس کے کہ آئی ایم ایف معیشت پر اپنی گرفت نرم کرے اس نے اسے اس حد تک سخت کر دیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق اب دوست ممالک بھی پاکستان کو قرض فراہم کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہوتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت مقامی سطح پر معاشی اصلاحات کا آغاز کرے جن کی بنیاد ان بااثر طبقوں کی رضاکارانہ قربانی پر ہو جو ہر سال اخراجات اور آمدنی کے لحاظ سے بجٹ کے بڑے حصے کے مستحق قرار پاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، سیاسی استحکام اور داخلی سلامتی کو بھی یقینی بنانا ہوگا کیونکہ یہی عوامل ملک کی معیشت کو موثر اور بامعنی انداز میں ترقی دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔