لبنانی کابینہ نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی قرار داد منظور کرلی

کابینہ میں شامل ایرانی حمایت یافتہ وزرا کا کابینہ اجلاس سے واک آوٹ

جمعہ 8 اگست 2025 14:10

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)لبنان کی کابینہ نے ایک اہم اجلاس میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کرنے کی منظوری دیدی گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابینہ اجلاس میں لبنان کی سول قیادت نے فوج سے کہا ہے کہ وہ ایک ایسا منصوبہ تیار کرے جس کے تحت سال کے آخر تک حزب اللہ کو غیر مسلح کردیا جائے۔

(جاری ہے)

کابینہ اجلاس میں اس منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے زور دیا گیا ہے کہ ملک میں اسلحہ اب صرف ریاستی اداروں کے پاس ہی ہونا چاہیے۔لبنان کے وزیر اطلاعات پال مورکوس نے کہا کہ کابینہ نے امریکی ایلچی ٹام بارک کی جانب سے پیش کردہ تجویز میں شامل عمومی اہداف کو منظور کر لیا۔ان اہداف میں تمام غیر ریاستی مسلح گروہوں بشمول حزب اللہ کی تمام لبنانی سرزمین سے آہستہ آہستہ واپسی، جنوبی لبنان سے اسرائیلی فوج کی واپسی، اسرائیلی فضائی حملوں کی روک تھام، اسرائیل میں قید لبنانی قیدیوں کی رہائی، اور لبنان-اسرائیل سرحد کے متنازع حصے کی حتمی حد بندی شامل ہیں۔