عدالت نے نجی پراپرٹی کے چار دیواری مسمار کرنے سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پرافسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

جمعہ 8 اگست 2025 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)سندھ ہائی کورٹ نے سرجانی ٹاؤن میں نجی پراپرٹی کے چار دیواری مسمار کرنے سے متعلق کے ڈی اے اور ایس بی سی اے افسران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پرافسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔سندھ ہائیکورٹ میں سرجانی ٹاؤن میں نجی پراپرٹی کے چار دیواری مسمار کرنے سے متعلق کے ڈی اے اور ایس بی سی اے افسران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے کے ڈی اے اور ایس بی سی اے افسران پر اظہار برہمی کیا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے بغیر کسی خلاف ورزی کے کسی کی دیوار کیسے توڑ سکتے ہیں متاثرہ شہری کا جو نقصان کیا ہے وہ پورا کریں۔ شہری کی مسمار کی گئی دیوار دوبارہ تعمیر کرکے دیں۔ اگر آئندہ سماعت تک شہری کے نقصان کا ازالہ نا کیا تو توہین عدالت کی کارروائی شروع کریں گے۔

(جاری ہے)

افسران کو گرفتار کرکے جیل بھیجیں گے۔ بتایا جائے کس قانون کے تحت نجی پراپرٹی کی دیوار گرائی گئی پورے شہر میں غیر قانونی تعمیرات ہورہی ہیں، ایس بی سی اے آنکھیں بند کرکے بیٹھا ہے۔ روز اخباروں میں غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کی خبریں لگتی ہیں۔ اس کے باوجود ان افسران کیخلاف کچھ نہیں ہوتا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر توہین عدالت کے مرتکب افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواستگزار کو افسران کے نام درخواست میں شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔ نذیر موسی نامی شہری نے کے ڈی اے، ایس بی سی اے اور پولیس افسران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔