ایشین سائنس کیمپ میں پاکستانی طلباء کی شاندار کارکردگی ، 2 گولڈ اور ایک سلور میڈل جیت لئے

جمعہ 8 اگست 2025 20:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پاکستانی طلباء نے تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشین سائنس کیمپ 2025 میں تاریخ کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل اپنے نام کر لئے، یہ پاکستانی ٹیم کی سائنسی مقابلوں کی تاریخ میں اب تک کی سب سے شاندار بین الاقوامی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔پاکستان سائنس فاؤنڈیشن نے اس کیمپ میں شرکت کے لئے 8 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا۔

کیبر میڈیکل کالج پشاور کے علی افضال محمد نے "انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی" کے موضوع میں "Sleep 10 hours in 2" پروجیکٹ پر گولڈ میڈل جیتا جس میں سائنسی تکنیک استعمال کرتے ہوئے ایک جدید نیند پوڈ ڈیزائن کیا گیا جو نیند کے معیار کو بہتر بناتا ہے۔بولان میڈیکل کالج کے ملک شہاب الدین سید نے "سسٹین ایبلیٹی" کے موضوع میں "Turn the Tide for Ocean Life" پروجیکٹ پر گولڈ میڈل حاصل کیا جس میں سمندری حیات کو بچانے کے لئے تین مؤثر حل پیش کئے گئے۔

(جاری ہے)

این یو ایس ٹی سکول آف ہیلتھ سائنسز کے محمد حاشر اسحاق نے "سسٹین ایبلیٹی" میں "Biological Firewall" پروجیکٹ پر سلور میڈل جیتا۔ اس منصوبے میں ایک مائیکرو چِپ ڈیزائن کی گئی جو وائرس کے جسم میں داخل ہوتے ہی مدافعتی نظام کو متحرک کر کے بیماری سے پہلے ہی وائرس کا خاتمہ کر دیتی ہے۔شالیمار میڈیکل کالج لاہور کے احمد فسیح کو "انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی" کے موضوع میں "Sub-dermal Bio-sensor for Real Time Blood Monitoring" پروجیکٹ پر اعزازی ذکر دیا گیا۔

اس مقابلے میں شرکت کے لئے ملک بھر سے طلباء کا تحریری ٹیسٹ اور حتمی انٹرویو لیا گیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء کو مکمل طور پر فنڈ شدہ کیمپ میں بھیجا گیا۔چھ روزہ ایشین سائنس کیمپ میں نوبل انعام یافتہ سائنسدانوں اور ماہرین نے لیکچرز، مکالموں اور انٹرایکٹو سیشنز کا انعقاد کیا۔ اختتامی مرحلے میں پوسٹر پریزنٹیشن مقابلہ ہوا جس میں 50 بین الاقوامی ٹیموں نے حصہ لیا۔

ابتدائی مرحلے میں ٹاپ 10 پروجیکٹس کا انتخاب کیا گیا اور دوسرے مرحلے میں گولڈ اور سلور میڈلز کا فیصلہ ہوا۔پاکستانی ٹیم کی اس شاندار کامیابی کا سہرا ٹیم لیڈر پرنسپل سائنٹیفک آفیسر (سائنس پاپولرائزیشن) سیدہ ریحانہ بتول، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے سر جاتا ہے جنہوں نے طلباء کی بہترین رہنمائی کی۔