نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام تقسیمِ ایوارڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد

جمعہ 8 اگست 2025 22:13

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء)نیشنل بک فائونڈیشن کے زیر اہتمام تقسیمِ ایوارڈ کی شاندار تقریب کا انعقاد، این بی ایف کے نمائندہ مصنفین کو ایوارڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا، الیکٹرانک میڈیا کے موجودہ دور میں کتاب کلچر کو فروغ دینا اور لوگوں کو کتاب سے منسلک کرنے میں نیشنل بک فائونڈیشن کا کردار قابل ستائش ہے، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا تقریب سے خطاب۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل بُک فائونڈیشن وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے زیرِ اہتمام نیشنل بک فائونڈیشن کے لیے کتب لکھنے والے ٹیکسٹ بکس مصنفین اور شعرا ء و ادباء کی خدمات کے اعتراف میں تقسیم ایوارڈ اور اعترافی سرٹیفکیٹ کی تقریب کا انعقاد اسلام آباد کلب میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی تھے جبکہ مہمانانِ اعزاز وزیر مملکت وجیہہ قمر ، پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر ، ایڈیشنل وفاقی سیکرٹری حسن ثقلین اور جڑواں شہروں سے نمائندہ اہلِ قلم بھی تقریب میں شریک تھے۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کے موجودہ دور میں کتاب کلچر کو فروغ دینا اور لوگوں کو کتاب سے منسلک کرنا ایک بہت اہم اور مشکل کام ہے مجھے فخر ہے کہ یہ کام ہماری وزارت نیشنل بک فائونڈیشن کے زیرِ اہتمام بخوبی کر رہی ہے آج کی یہ تقریب ادیب کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک بڑاقدم ہے ملکی سطح پر فن، فنکار اور قلم کار کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے یہ سارے مصنفین ادیب اور دانشور اپنے اپنے میدان میں ماہر ہیں۔

انہوں نے نیشنل بک فائونڈیشن کے مصنفین اور ادباء و شعراء کو مبارک باد دی اور ان میں ایوارڈ اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل بک فائونڈیشن ڈاکٹر کامران جہانگیر نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں خصوصی طور پر مہمانِ خصوصی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت وجیہہ قمر اور پارلیمانی سیکرٹری فرح نازکا شکرگزار ہوں ہماری ادبی سرگرمیاں ان کے تعاون اور ذاتی دلچسپی کے بغیر ممکن نہیں۔

تقریب میں نیشنل بک فائونڈیشن کے سابقہ مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاوید اورسابقہ سیکرٹری رائو محمد اسلم نے بھی شرکت کی۔ جن شعراء ، ادیبوں اور مصنفین کو ایوارڈ دیے گئے اُن میں ڈاکٹر مقصود جعفری، محبوب ظفر، ڈاکٹر نثار ترابی، ڈاکٹر آصف محمود جاہ، ابو احمد عاکف، جنرل محمد طاہر، کوکب خواجہ، نعیم فاطمہ علوی، ڈاکٹر امجد بھٹی، عبدالواجد تبسم، محمدعارف، محمد شعیب خان، راج محمد آفریدی، ڈاکٹر سلیم اللہ، پروفیسر جاوید محسن اور دیگر شامل تھے۔ تقریب میں وزارت تعلیم سے سید جنید اخلاق کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری کے علاوہ علمی ادبی اداروں کے اعلیٰ عہدے داروں نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض نازیہ رحمٰن نے بخوبی ادا کیے۔