پاک بھارت ایشیا کپ میچز؛ اماراتی بورڈ نے بھی یقین دہانی کرا دی

جمعہ 8 اگست 2025 22:13

پاک بھارت ایشیا کپ میچز؛ اماراتی بورڈ نے بھی یقین دہانی کرا دی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2025ء) ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلوں کی یقین دہانی اماراتی بورڈ نے بھی کروا دی، ای سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ میں ضمانت تو نہیں دیتا مگر دونوں ممالک کے آپس میں نہ کھیلنے کا خطرہ نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک یواے ای میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا میچ 14 ستمبر کو شیڈول ہے، دونوں ٹیمیں سپر 4 راونڈ میں ایک دوسرے کے مدمقابل اائیں گی جبکہ فائنل میں بھی دونوں کا ٹکراوہو سکتا ہے۔

اگرچہ ایشیا کپ کا شیڈول جاری ہو چکا مگر حال ہی میں انگلینڈ میں ایک نجی ٹورنامنٹ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں بھارت نے پہلے لیگ مرحلے اور پھر سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا، جس کی وجہ سے ایشیا کپ میں بھی ایسی صورتحال ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، البتہ ایونٹ کے آرگنائزرز نے ایشیا کپ میں روایتی حریفوں کے مدمقابل آنے کا یقین ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ایمرٹس کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ ہم کوئی گارنٹی تو نہیں دے سکتے مگر ایشیا کپ کا موازنہ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز جیسے نجی ایونٹس کے ساتھ نہیں کیا جا سکتا، ٹیموں کی جانب سے ایشیائی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق سے قبل حکومتوں سے اجازت لی گئی تھی، ایسا شیڈول جاری ہونے سے قبل کیا گیا تھا، اس لیے مجھے امید ہے کہ ہم ڈبلیو سی ایل جیسی صورتحال سے دوچار نہیں ہوں گے۔

پاک بھارت میچز کے موقع پر سیکیورٹی کے بارے میں سوال پر سبحان احمد نے کہا کہ فی الحال تو کسی اضافی سیکیورٹی کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی مگر اس معاملے پر ہم حکومتی ایڈوائز پر ہی عمل درآمد کرتے ہیں، اگر سیکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا جائے گا تو ہم اس پر عمل کریں گے، ابھی تو ہمیں اس بارے میں کوئی ہدایت نہیں ملی، ہم ٹورنامنٹ کے بہترین انعقاد کیلیے تیار ہیں۔