وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے آزادکشمیر کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 22:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے آزادکشمیر کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی ، اس موقع پر وزیر ہائر ایجوکیشن آزادکشمیر ظفر اقبال ملک بھی موجود تھے ، وزیراعظم آزاد کشمیر کو آزادکشمیر کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پروفیسر حضرات کی "چار درجاتی ترقیابی فارمولہ کے موجودہ تعداد پر تعین" کے بارے میں بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم آزادکشمیر کو سروس سٹرکچر ، تدریسی امور ، تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اقدامات اور محکمہ کالجز کو درپیش دیگر مسائل بارے بھی تفصیلی بریفنگ دی گی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے لیے "چار درجاتی ترقیابی فارمولہ" کے موجودہ تعداد پر تعین کا معاملہ زیر غور لائیں گے ، اس فارمولہ پر کسی بھی طرز کی پیش رفت سے قبل اس فارمولا کے سٹرکچرل ایمپکٹ کو دیکھا جائے گا ، مورالیٹی کو فروغ دینا ہے ، اساتذہ معاشرے کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں ، جہاں ضرورت ہوگی ، وہاں وسائل بھی فراہم کریں گے اور چیزوں کی بہتری کے لیے راست اقدام بھی اٹھائیں گے ، معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے ہر سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا ، نظام سے خامیوں کا خاتمہ کیا ہے ، انھوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر خرچ کریں گے ، لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنی ہیں ، ہمیں پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے سٹرکچرل چینجز کرنی ہیں ، انھوں نے کہا کہ تعلیم کا معیار بہتر بنانا ہے ، اب ڈیجیٹلائزیشن کا زمانہ ہے ، اب فکر کے دھارے بدل چکے ہیں ، ہمیں عصر حاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھنا ہے تاکہ نسل نو کے بہترین مستقبل کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جاسکیں ، وفد میں صدر آزادکشمیر کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن پروفیسر طارق سلیم شاہ ، جنرل سیکرٹری آزادکشمیر کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن پروفیسر عبدالرحیم اور سینئر وائس پریذیڈنٹ آزادکشمیر کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر ظفر اقبال موجود تھے ۔