چوہدری انوارالحق سے چوہدری رشید کی قیادت میں مظفر آباد چہلہ بانڈی سے سیاسی و سماجی اراکین پر مشتمل وفد کی ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 22:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے وزیر حکومت چوہدری محمد رشید کی قیادت میں مظفر آباد چہلہ بانڈی سے سیاسی و سماجی اراکین پر مشتمل ایک وفد نے ملاقات کی ہے، وفد نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کو چہلہ بانڈی میں نکاسی آب کے حوالے سے مسائل پر بریفنگ دی ہے، وفد کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر سے چہلہ بانڈی سڑک پر موجود پانی کی نکاسی کے لیے پختہ سیوریج کے نظام اور پختہ ٹریک کے مطالبہ پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے چہلہ بانڈی میں برساتی پانی کی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بلدیہ مظفر آباد کے حکام کو فیزیبلٹی سٹڈی کنڈکٹ کروانے کی ہدایت کردی، وزیراعظم آزاد کشمیر نے چہلہ بانڈی میں سڑک کے اطراف میں جمع ہونے والے پانی کی نکاسی کے ساتھ ساتھ دوسرے مرحلے میں ٹریک کی پختگی کا بھی اعلان کیا، وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا، حکومت کی آمدن کا ذریعہ ٹیکس ہے، اجتماعیت کو فوقیت دی ہے، سستے آٹے اور بجلی پر حکومت 71 ارب کی سبسڈی دے رہی ہے ، لوگوں کی امید کو زندہ رکھا ہے، حکومت اور عوام کے درمیان رشتوں کو مضبوط کیا ہے، وسائل کی منصفانہ تقسیم کو ترجیح بنایا ہے، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نظام کی بہتری اور عوام کی فلاح وبہبود کے لیے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے ہیں جن کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی، حکومت جدت کی خواہاں ہے، صحت و تعلیم اور روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی ضروریات پر بھی توجہ مرکوز رکھی ہے ، حکومت مسائل کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔