بنیادی حقوق فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 8 اگست 2025 23:08

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) مظفرآباد (اے پی پی ) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت زکوٰۃ منافع فنڈ کے حوالے سے محکمہ زکوٰۃ وعشر کا اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق ، چیف سیکرٹری خوشحال خان ، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری برقیات ارشاد قریشی اور چیف ایڈمنسٹریشن زکوٰۃ و عشر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

سیکرٹری محکمہ زکوۃ و عشر / برقیات ارشاداحمد قریشی نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کو زکوٰۃ منافع فنڈ کی جانب سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران کینسر ، امراض قلب ، جگر اور کڈنی ٹرانسپلانٹ جیسی مہلک بیماریوں میں مبتلا مستحقین کو زکوٰۃ پرافٹ فنڈ سے مہیا کی گئی میڈیکل سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں زکوٰۃ منافع فنڈ کے انتظامی امور اور زکوٰۃ منافع فنڈ کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم آزاد کشمیر نے مستحقین کو تسلسل کے ساتھ میڈیکل سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے زکوٰۃ منافع فنڈ کی رقم کو 5 سے 10 کروڑ روپے کرنے کے فوری احکامات جاری کیے اور مستحقین کے لیے اضافی رقم فوری طور پر مہیا کرنے کی ہدایت کی ، وزیراعظم آزاد کشمیر نے آبادی کے تناسب کے مطابق مستحقین کو فوری میڈیکل ضروریات کو خاطر میں لاتے ہوئے فنڈز مہیا کرنے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی حقوق فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ، شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، صحت بنیادی مسئلہ ہے ، مستحقین کی فوری میڈیکل ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مہیا کے گئے فنڈز میں اضافہ کے ساتھ رقم فوری طور پر زکوٰۃ منافع فنڈ کو مہیا کردی گئی ہے ، جہاں ضرورت ہوگی وہاں وسائل کا استعمال کریں گے ، لقمہ حرام سے نفرت ہے ، حقداروں کو حق مہیا کرنا ہی خدمت ہے ، مستحقین کی زکوٰۃ منافع فنڈ سے امداد جاری رہے گی ، انھوں نے کہا کہ شفافیت کی بدولت وسائل کا بے رحمانہ استحصال ختم ہوا ہے ، جب ریاست میں لقمہ حرام کے خلاف نفرت عروج پکڑنے لگے تو اس کے مثبت اثرات عام آدمی تک پہنچنا شروع ہوجاتے ہیں ، خدمت کا مشن جاری رکھیں گے ، مافیاز کو رد کیا ہے ، ہمیں آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے درست ترجیحات کا انتخاب کرتے ہوئے بہتری کے لیے اقدامات اٹھانے ہیں ، یاد رہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران آزاد کشمیر بھر سے مستحقین افراد کو مہلک بیماریوں کے علاج کے لیے زکوٰۃ منافع فنڈ سے 80 مستحقین کو صحت کے علاج معالجہ کے لیے فنڈز مہیا کیے گئے ہیں ۔