نارویجن پولیس کے اعلیٰ سطحی وفد کی سنٹرل پولیس آفس آمد، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات

جمعہ 8 اگست 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے نارویجن پولیس کے اعلیٰ سطحی وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، اے آئی جی ایڈمن ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن راولپنڈی صبا ستار سمیت سینئر افسران موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی چیف آف نارویجن پولیس کیٹل ہاکاس ، نارویجن پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ ٹارکجیلڈ جیونی ،عہدہ سنبھالنے والے نئے نارڈک رابطہ افسر بورج اینوکسن ، سبکدوش ہونے والے نارڈک رابطہ افسر پرمارٹن بجارٹن اور ایڈوائزر نارڈک رابطہ افسر نارویجن ایمبیسی صغیر افضل وفد میں شامل تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب نے نارویجن پولیس آفیسرز کو غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے پنجاب پولیس اور نارویجن پولیس کے درمیان بین الاقوامی آرگنائزڈ کرائم کے خاتمے کے لیے انتہائی قریبی روابط اور تعاون موجود ہے۔پنجاب اور نارویجن پولیس دہشت گردی، شدت پسندی، منشیات، آرگنائزڈ کرائم، ہیومن ٹریفیکنگ اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے ایک پیج پر ہیں۔سائبر کرائم اور ڈیجیٹل فراڈ کے بڑھتے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے نارویجن پولیس سے ٹریننگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ناروے سمیت غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔سپیشل پروٹیکشن یونٹ صوبہ بھر میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کے فرائض جانفشانی سے سر انجام دے رہا ہے۔انسداد جرائم اور پبلک سروس ڈلیوری میں آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دے رہے ہیں۔پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا۔آئی جی پنجاب نے وفد کے سربراہ کو پنجاب پولیس کے تھانوں کی اپ گریڈیشن پر مبنی خصوصی کتاب ’’تھانے پنجاب دے‘‘پیش کی جبکہ وفد نے اے آئی جی انسپکشن شائستہ ندیم کو سووینئر پیش کیا۔