ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے بچیوں کی تعلیم کےلئے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں،رہنما ن لیگ آمنہ سردار

ہفتہ 9 اگست 2025 10:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے کہا ہے کہ بچیوں کی تعلیم کےلئے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کا وہ تہہ دل سے خیرمقدم کرتی ہیں، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی بریفنگ نہایت معلوماتی تھی جس پر وہ متعلقہ حکام کی کاوشوں کی دل سے قدر کرتی ہیں، انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ بچوں کی بہتری کےلئے اٹھائے گئے مثبت اقدامات میں سکالر شپس، مراعات، سکولوں کی بہتر سہولیات، جدید لیبارٹریز اور کلاس رومز، نئی تعمیرات اور اساتذہ کی تربیت کے پروگرام شامل ہیں، یہ تمام اقدامات بلاشبہ قابلِ تعریف ہیں اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وہ یہاں بلیو وینز، خیبر پختونخوا ویمن کمیشن، چائلڈ پروٹیکشن کمیشن اور نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے زیراہتمام گرلز ایجوکیشن پر ایک جائنٹ پوسٹ بجٹ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات صرف کاغذی کارروائی تک محدود نہیں رہنے چاہئیں، بارہا مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ کئی منصوبے، پروگرام اور دستاویزات بجٹ میں موجود ہوتی ہیں لیکن اصل مسئلہ ان پر عمل درآمد کا ہوتا ہے جس پر سالانہ ترقیاتی پروگرامز (اے ڈی پیز) بنتے ہیں، فنڈز مختص ہوتے ہیں مگر اکثر بجٹ ضائع ہو جاتا ہے یا مطلوبہ نتائج زمینی سطح پر نظر نہیں آتے۔

آمنہ سردار نے کہا ہماری گزارش ہے کہ سیمینارز اور پریزنٹیشنز سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کئے جائیں، فیلڈ میں جا کر زمینی حقائق کا جائزہ لینا اور یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ وعدہ کی گئی سہولیات اور اقدامات حقیقت میں طلبہ تک پہنچ رہی ہیں ۔ آمنہ سردار نے کہا انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ نامکمل سکولز کی بحالی کی کوششیں ہو رہی ہیں، میری درخواست ہے کہ شمالی و گلیات کے علاقوں کو بھی اس میں شامل کیا جائے بالخصوص وہ علاقے جو زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں ۔