Live Updates

نوشہرہ میں بارش کی وجہ سے مختلف حادثات، ریسکیو 1122 کی بروقت امدادی کارروائیاں

ہفتہ 9 اگست 2025 14:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) نوشہرہ میں تیز بارش کی وجہ سے مختلف حادثات کے دوران ریسکیو 1122 نے فوری امدادی کارروائیاں کیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوشہرہ ملک اشفاق حسین کے مطابق ہفتہ کو ضلع نوشہرہ میں بارش کے دوران ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو مختلف نوعیت کی 3 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں جن پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کی۔

(جاری ہے)

بارش کے باعث نوشہرہ بدرشی مال روڈ پر ایک بڑا درخت سڑک پر گر گیا، ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے درخت ہٹا کر روڈ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا۔ نوشہرہ کینٹ کے علاقے میں بارش کے پانی کے جمع ہونے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ڈی واٹرنگ آپریشن شروع کیا، پانی کے نکاس کےلیے مشینری کے ساتھ ساتھ نکاسی کے راستے بنانے کےلیے سوراخ بھی کیے گئے،اسی طرح ایک اور واقعے میں ایک شخص پانی میں ڈوب گیا جسے مقامی افراد نے بروقت بچا لیا۔ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات