جیکب آباد ، تین الگ الگ پولیس مقابلے، تین خطرناک ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد

ہفتہ 9 اگست 2025 14:20

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2025ء) جیکب آباد میں تین الگ الگ پولیس مقابلے، تین خطرناک ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے تین الگ الگ پولیس مقابلوں میں تین خطرناک ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق پہلا مقابلہ تھانہ صدر کی حدود شمبے شاہ لنک روڈ پر ہوا جہاں ایس ایچ او بشیر احمد مگسی کی قیادت میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا کارروائی کے دوران ایک ملزم صدیق ولد الٰہی بخش مرہیٹو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے چار ساتھی واجد بروہی، زاہد مرہیٹو اور دو نامعلوم ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ملزم کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس پستول برآمد ہوا ۔

(جاری ہے)

دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ اے سیکشن ٹھل کی حدود عمر کھوئی پل کے قریب پیش آیا جس میں آصف علی ولد میر حمزہ جکھرانی زخمی حالت میں گرفتار ہوا اور اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہوگئے ملزم کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس پستول برآمد ہوا ۔ تیسرا مقابلہ تھانہ بی سیکشن ٹھل کی حدود باگڑ لاڑو بروہی مل کے قریب ہوا جہاں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد فیاض احمد ولد ایاز احمد جکھرانی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا اس کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس سنگل بیرل بندوق برآمد ہوئی جبکہ تین ساتھی فرار ہوگئے۔

ترجمان جیکب آباد پولیس نے کہا ہے کہ فرار ہونے والے تمام ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی جاری ہے اور شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔