جشنِ آزادی معرکۂ حق: رانی باغ میں میگا میوزیکل ایونٹ کا انعقاد

ہفتہ 9 اگست 2025 17:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) جشنِ آزادی ،معرکۂ حق کے سلسلے میں حیدرآباد کی تاریخی تفریح گاہ رانی باغ میں حکومتِ سندھ کی جانب سے تاریخ ساز میگا میوزیکل ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو اور صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے خصوصی شرکت کی اور منتظمین کی کارکردگی کو سراہا۔

وزراء کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام جشنِ آزادی کی تقریبات کا اہم حصہ ہے اور معرکۂ حق کے پیغام کو اجاگر کرنے کی ایک کامیاب کاوش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ، افواجِ پاکستان کو دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ملک کا دفاع کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرنے کا سلسلہ صوبے بھر میں شایانِ شان طریقے سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ میوزیکل پروگرام میں راحت فتح علی خان، صنم ماروی، اختر چنال، تاج مستانی، کیفی خلیل سمیت ملک کے نامور فنکاروں نے شرکت کی اور اپنے مقبول گیتوں سے شرکاء سے خوب داد سمیٹی۔

رانی باغ میں عوام کا تاریخی رش رہا، جس میں بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت ڈویژنل کمشنر فیاض حسین عباسی، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، میئر کاشف علی شورو اور ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے انتظامات کی نگرانی کی۔