ڈی سی لاہور کی سربراہی میں انسداد ڈینگی کی موثر مہم، لاروا کی تعداد میں خاطر خواہ کمی

ہفتہ 9 اگست 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کے خلاف جنگ میں نئے موثر اقدامات شروع کیے ہیں جس کے نتیجے میں لاروا کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ حالیہ دنوں میں تحصیل رائیونڈ کے دورے کے دوران اے ڈی سی جی، سی ای او ہیلتھ، اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ اور دیگر اہلکار بھی ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے جاتی عمرہ روڈ اور مانک روڈ پر ڈینگی سرویلنس کا بذات خود معائنہ کیا جبکہ سی ای او ہیلتھ نے انسداد ڈینگی اقدامات اور فیلڈ سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ ڈی سی لاہور نے علاقے میں لاروا کی تعداد میں کمی پر محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا اور مزید بہتری کیلئے ہدایات جاری کیں۔ ڈی سی لاہور نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ گھر اور اطراف کے 10گھروں میں ڈینگی اسپرے یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو پوری تندہی سے انسدادِ ڈینگی مہم پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔ خاص طور پر قبرستانوں، ٹائر شاپس اور زیر تعمیر عمارتوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ گھروں کے اندر اور باہر ڈینگی لاروا کے خاتمے کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔