وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کی ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کی "58ویں یوم آسیان" کی سالگرہ پر مبارکباد

ہفتہ 9 اگست 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے ایسوسی ایشن آف ساؤتھ ایسٹ ایشین نیشنز (آسیان) کی "58ویں یوم آسیان" کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نےحکومت اور عوام کی طرف سے آسیان کے رکن ممالک کی حکومتوں اور عوام کو دلی مبارکباد دی۔

اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ پاکستان ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر جنوبی مشرقی ایشیا میں امن، خوشحالی اور یکجہتی کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آسیان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور فل ڈائیلاگ پارٹنر کا درجہ حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ پاکستان آسیان کو محض ایک علاقائی گروپ نہیں بلکہ مشترکہ اقدار اور وژن کی حامل برادری سمجھتا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اقتصادی تعلقات کو شراکت داری کی بنیاد قرار دیا اور بتایا کہ سال 2024 کے آخر تک پاکستان اور آسیان کے درمیان دو طرفہ تجارتی حجم ریکارڈ 11.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مشترکہ ترقی اور مقصد کی جانب مل کر آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ ترقی حوصلہ افزا ہے، تجارتی عدم توازن کی وجہ سے غیر دریافت شدہ سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع کی نشاندہی کے لیے نئی کوششوں کی ضرورت ہے۔