تونسہ میں دو کمسن بھائیوں کی پراسرار موت، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کا ہسپتال اور جائے وقوعہ کا دورہ

اتوار 10 اگست 2025 10:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) تونسہ شہر میں پیش آنے والےایک دلخراش واقعہ میں دو سگے معصوم بھائی پراسرار طور پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ 4 سالہ معین الدین تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 2 سالہ گل محمد اور 15 ماہ کا محمد عمر شامل ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان، طارق ولایت، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ پہنچے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بچوں کے والد سے ملاقات کر کے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں اور معالج ڈاکٹروں سے زیر علاج بچے کی طبی صورتحال پر بریفنگ لی۔بعد ازاں ڈی پی او ڈیرہ غازی خان جائے وقوعہ پر گئے، اہل خانہ سے اظہارِ افسوس کیا اور مزید حقائق جاننے کے لیے معلومات اکٹھی کیں۔ فرانزک ٹیم اور تفتیشی عملہ بھی موقع پر موجود ہے اور شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :