ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام جشن آزادی فیسٹیول

اتوار 10 اگست 2025 11:00

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفارت خانہ کے زیر اہتمام گولڈ اینڈ سلور بال روم ابوظہبی کنٹری کلب میں 9 اگست 2025 کو جشن آزادی فیسٹیول 2025 کا انعقاد کیا گیا، تقریب ملک کے 78ویں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقد کی گئی۔ پاکستانی سفارتخانہ ابو ظہبی سے یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، اماراتی مہمانوں اور پاکستان کے دوست ممالک سے مہمانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور آزادی کے حصول کے لیے دی گئی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اتحاد، ثقافتی فخر اور کمیونٹی کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔

فیسٹیول میں مشاعرہ اور لائیو میوزک کے ساتھ ساتھ پاکستانی کھانوں، دستکاریوں اور ثقافتی ورثے کی نمائش بھی کی گئی۔ تقریب کے شرکا پاکستان کی روایات اور فنون سے آگاہی حاصل کی۔سفیر فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور بیرون ملک پاکستانی ثقافت، ورثے اور قومی شناخت کو فروغ دینے کے لیے سفارت خانے کے عزم کا اعادہ کیا۔\932