ایس سی او کا خصوصی افراد کو خود مختار بنانے کا مشن: مظفرآباد کی اجوہ کی عزم اور حوصلے کی داستان

اتوار 10 اگست 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2025ء) سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن(ایس سی او )کی جانب سے معذور افراد کی فلاح کے لیے انقلابی قدم کے تحت مظفرآباد میں خصوصی افراد کے لیے جدید فری لانسنگ ہب قائم کیا گیا ہے۔ ایس سی او خصوصی افراد کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھا کر روزگار کے نئے دروازے کھول رہا ہے،ایس سی او ہنر کے ساتھ خود اعتمادی اور امید کی بحالی کا ضامن ہے،مظفرآباد کی اجوہ عزم کی وہ کہانی جسے ایس سی او نے خواب دیکھنے کے لیے نئی آنکھیں دیں۔

اجوہ کے والد نے بیٹی کے عزم و ہمت کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ میرا نام سید ابرار حسین شاہ ہے اور میں مظفرآباد آزاد کشمیر کا رہائشی ہوں،میری ایک بیٹی اجوہ ہے جو پیدائشی طور پہ بالکل ٹھیک تھی جب آٹھویں کلاس میں پہنچی تو اس کی نظر کا اچانک مسئلہ ہوا،ڈاکٹر کے معائنے کے بعد بتایا گیا کہ اب یہ زندگی بھر نہیں دیکھ سکے گی۔

(جاری ہے)

سید ابرار حسین شاہ نے کہا کہ اس لمحے بحیثیت باپ میں اندر سے بالکل ٹوٹ گیا یوں محسوس ہوا سانسیں تو چل رہی ہیں مگر زندگی رک گئی ہے،بحیثیت باپ مجھے اس پر فخر تھا مگر بینائی کھونے کے بعد بچی شدید ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مشکلات کا شکار ہوتی جا رہی تھی۔

سید ابرار حسین شاہ نے مزید کہا کہ پھر ایک دن کسی نے اطلاع دی کہ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے مظفرآباد میں معذور افراد کے لیے کمپیوٹر سینٹر قائم کیا ہے ، میں بیٹی کو وہاں لے گیا، اور اسی دن سے اس کی زندگی بدل گئی،اجوہ نے وہاں نہ صرف کمپیوٹر چلانا سیکھا بلکہ جینے کا حوصلہ اور خود پر یقین بھی پیدا کیا،اب محسوس ہوتا ہے کہ میری بینائی سے محروم بیٹی روشنی سے بھر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او کے سینٹر سے کمپیوٹر کورس مکمل کرنے کے بعد میری بیٹی اب یونیورسٹی جانا چاہتی ہے۔ سید ابرار حسین شاہ نے کہا کہ ہم ایس سی او کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے معذور بچوں کے لیے جدید کمپیوٹر سینٹر قائم کیا،اجوہ جیسے لوگ نہ صرف آگے بڑھتے ہیں بلکہ دوسروں کے لیے روشنی کا چراغ بن جاتے ہیں،ایس سی او نہ صرف معذور افراد کو ہنر سکھا رہا ہے بلکہ انہیں خود اعتمادی اور زندگی کی نئی امیدیں بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجوہ کی طرح ہزاروں معذور افراد ایس سی او کے تعاون سے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہے ہیں،آئیں ہم سب مل کر ایسے اداروں کی حمایت کریں جو معذور افراد کے لیے روشنی کا ذریعہ بنتے ہیں۔