جیکب آبادپولیس کی کارروائیاں، مختلف مقابلوں میں دو ملزمان کو گرفتار اور اسلحہ برآمدکرنے کا دعویٰ

اتوار 10 اگست 2025 15:45

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)جیکب آبادپولیس نے مختلف کارروائیوں اور مقابلوں کے بعد دو ملزمان کو گرفتار اور اسلحہ برآمدکرنے کا دعویٰ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران دو الگ الگ کارروائیوں میں 2 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا گیاہے، تھانہ دوداپور کی حدود جعفرآباد بلیدی لنک روڈ کے قریب گشت کے دوران پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم شریف عرف کوڑو ولد سومر کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیاجبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے ملزم کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس پستول برآمد کی گئی، ملزم کے خلاف جیکب آباد اور سکھر میں متعدد سنگین مقدمات درج ہیں جن میں اقدام قتل، ڈکیتی، پولیس مقابلہ اور منشیات کے مقدمات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری کارروائی میں جیکب آباد پولیس نے سی آئی اے پولیس کے تعاون سے تاجو ڈیرو داؤ اور دوداپور کے علاقے میں بدنام زمانہ مارفانی گینگ کے اہم کارندے جہانزیب کو گرفتار کرلیا کارروائی کے دوران ملزم نے پولیس پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی مگر پولیس نے گھیراؤ کرکے اسے گرفتار کرلیا ملزم کے قبضے سے کلاشنکوف برآمد ہوئی، پولیس کے مطابق ملزم اغوا برائے تاوان، دہشت گردی، پولیس مقابلے اور عوامی و تجارتی مقامات پر فائرنگ جیسے سنگین جرائم میں سندھ اور بلوچستان پولیس کو مطلوب تھا ایس ایس پی جیکب آباد محمد کلیم ملک نے کہا کہ یہ گرفتاریاں ضلع بھر میں جاری کریک ڈاؤن کا نتیجہ ہیں اور عوام دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ وہ جرائم کی دنیا چھوڑ کر قانون کے سامنے ہتھیار ڈال دیں بصورت دیگر اپنے انجام کے لیے تیار رہیں۔