Live Updates

وادی کالام ، ملم جبہ میں ناقص سیوریج و ماحولیاتی آلودگی ، 26ہوٹلوں کا معائنہ،متعدد کو جرمانے اور نوٹس جاری

اتوار 10 اگست 2025 16:00

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2025ء)سوات کی وادی کالام اور ملم جبہ میں ناقص سیوریج اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارروائی، 26ہوٹلوں کا معائنہ، متعدد کو جرمانے اور نوٹس جاری کردیے گئے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے سیاحتی ویژن اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت سیاحت کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے صوبہ بھر میں جاری آپریشن کے دوران اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ٹیم نے سوات کے مختلف سیاحتی مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوزب عباس کی براہِ راست نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر تکنیکی انجینئر یوسف شاہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات و ضوابط عمران خان یوسفزئی کی سربراہی میں کی گئی جس میں قومی ماحولیاتی معیار اور صحت عامہ کے ضوابط کے مطابق جانچ پڑتال کی گئی۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران کالام میں 9 ہوٹلوں کا معائنہ کیا گیا جن میں 7 کا نکاسی آب کا نظام تسلی بخش پایا گیا جبکہ 2 میں خامیاں سامنے آئیں اور فوری درستگی کے نوٹس جاری کیے گئے۔

ملم جبہ میں 17 ہوٹلوں کا معائنہ کیا گیا جن میں سے بعض میں گندے پانی کے اخراج کی سب سے زیادہ مقدار ریکارڈ کی گئی۔ پہلے سے جاری نوٹس کے باوجود بہتری نہ لانے والے ہوٹل مالکان پر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2021 کے تحت جرمانے عائد کیے گئے اور مقررہ وقت میں اصلاح کی ہدایت دی گئی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں بہتری نہ لانے کی صورت میں متعلقہ احاطے سیل کرنے اور ذمہ داران کو جیل بھیجنے تک کے قانونی اختیارات استعمال کیے جائیں گے۔

ترجمان سعید الرحمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوزب عباس نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور ناقص نکاسی آب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور تمام ہوٹل و ریسٹورنٹ مالکان کو قوانین کے مطابق اپنے نظام بہتر بنانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات